Wednesday, April 24, 2024

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے
February 18, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کا تاریخی دورہ کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے ۔ شہزادہ محمد بن سلمان پاکستانیوں پر محبتیں نچھاور کرنے  کےبعد واپس روانہ ہو گئے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اور  معزز مہمان کو نور خان ائیر بیس تک پہنچایا۔ نور خان ائیر بیس پر وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مشترکہ خطاب کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  پاکستان کی جیو اسٹریٹجک اہمیت ہے ،پاکستان اپ کا دوسرا گھر ہے ،  پاکستانی افرادی قوت کیلئے آپ کے اقدامات قابل تحسین ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کی جانب سے خود کو پاکستان کا سفیر کہنا اعزاز ہے ،سوشل میڈیا پر آپ کے بیان کو بے حد سراہا گای ، پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر شکر گزار ہیں ۔ سعودی ولی عہد نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ  آپ کی قیادت میں پاکستان کو ترقی کرتا دیکھ رہا ہوں ، جلد پاکستان ایک اقتصادی قوت بن جائے گا۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی کو اپنا فرض سمجھتا ہوں ۔ سعودی ولی عہد نے جہاز میں سوار ہونے سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے  الوداعی مصافحہ بھی کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری ، وفاقی وزیر خسرو بختیار ، ڈی جی آئی ایس پی آر بھی سعودی ولی عہد کو الوداع کرنے کیلئے نور خان ائیر بیس پر موجود تھے ۔ دو روزہ دورے کے دوران سعودی ولی عہد کے ہمراہ وفد نے 20 ارب ڈالر کے معاہدوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ۔  پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب نے ویزا فیس میں کمی  کی اور ولی عہد کی جانب سے سعودی عرب میں معمولی جرائم کی پاداش میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا۔ اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد نے  صدر مملکت ،  وزیر اعظم ، چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر قومی اسمبلی  ، سپہ سالار سمیت اعلیٰ عسکری و سول قیادتوں سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔