Friday, April 26, 2024

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے
February 14, 2019
 ریاض (92 نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان  31اگست 1985میں پیدا ہوئے۔ وہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سب سے بڑے بیٹے ہیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم دارالحکومت ریاض میں حاصل کی۔ محمد بن سلمان کا شمار سعودی عرب کے ٹاپ 10 طالبعلموں میں رہا۔ محمد بن سلمان نے کنگ سعود یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے سعودی عرب سے باہر کسی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل نہیں کی۔ 22 برس کی عمر میں محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے امور سلطنت میں قدم رکھ دیا تھا اور 10اپریل 2007 کو سعودی کابینہ میں ماہرین کونسل کے مشیر مقرر ہوئے۔ 16دسمبر 2009 کو 24 سال کی عمر میں ان کو امیر ریاض کا خصوصی مشیر مقرر کردیا گیا اور 3 مارچ 2013 کو ریاض کے مسابقتی مرکز کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی ذمہ داریاں سنھبالیں۔ 2013 میں ہی محمد بن سلمان شاہ عبد العزیز دفاعی ترقی کی اعلٰی کمیٹی کے بھی رکن منتخب ہوئے۔ شہزادہ محمد بن سلمان ولی عہد کے دفتر کے انچارج اور ان کے پرنسپل سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں جبکہ وہ شاہی دیوان کے منتظم کی ذمہ داریاں بھی سر انجام دے چکے ہیں۔ 13 جولائی 2013 کو انہیں وزیر دفاع کے دفتر کا سپروائزر مقرر کیا گیا۔ 25اپریل 2014 کو وزیر مملکت اور پارلیمنٹ کے کارکن منتخب ہوئے۔ 18 ستمبر 2014 کو انہیں شاہ عبد العزیز بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین کا اضافی چارج بھی سونپا گیا۔  21 جون 2017 کو شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی ولی عہد بنا دیا گیا۔ ولی عہد کے ساتھ ساتھ محمد بن سلمان وزیر دفاع اور اقتصادی ترقی کونسل کے صدر بھی ہیں۔ سعودی عرب کی معاشیات کی تعمیر نو کا سہرا بھی محمد بن سلمان کو ہی جاتا ہے۔ ویژن 2030 کے خالق بھی محمد بن سلمان ہی ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں 500 ارب ڈالر کا اکنامک زون تعمیر کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب کی تاریخ میں کرپشن کے خلاف سب سے بڑی مہم بھی محمد بن سلمان نے ہی چلائی اور 100 ارب ڈالر سے زائد رقم خرانے میں جمع کرائی۔