Wednesday, April 24, 2024

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعلان پر پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا شاہی فرمان جاری

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعلان پر پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا شاہی فرمان جاری
February 19, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بڑے اعلان پر سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا۔ ولی عہد نے دورہ پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر دو ہزار ایک سو سات قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانے کوخصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ریاض سفارتخانہ اور جدہ قونصل خانہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی  فوری فہرستیں مرتب کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کےخلاف کفالہ نظام اور معاہدوں کی خلاف ورزی کے مقدمات قائم ہیں، فہرستوں کی تیاری کےبعد ان قیدیوں کی رہائی ممکن ہو سکے گی۔ دیارغیر میں گیارہ ہزار آٹھ سو تین پاکستانی قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے پر مجبورہیں اور دوہزار سترہ اٹھارہ کے درمیان خلیجی ممالک میں چھ ہزار چارسوپچاس پاکستانیوں کو جیل ہوئی۔ ۔ متحدہ عرب امارات میں دوہزار چھ سو، اومان میں چھ سو ستاون، بحرین میں ایک سو اٹھائیس، قطرمیں چون، کویت میں اڑتیس، جبکہ یمن میں تین پاکستانی قید ہیں۔ بھارت میں پانچ سو بیاسی پاکستانی قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں ، چین کی جیلوں میں دوسو بیالیس پاکستانی اسیرہیں، ایران میں ایک سو چھیاسی، افغانستان میں ایک سوستتر، اورامریکا میں دو پاکستانی قیدہیں۔ گزشتہ سال ان قیدیوں کی رہائی کےلیے وزارت خزانہ سے پینتیس ہزار ڈالر کا فنڈ مانگا گیا۔ ۔وزارت خارجہ نے سینیٹ کو آگاہ کیا تھا کہ  مشرق وسطیٰ کے ممالک کی جیلوں میں ہزاروں پاکستانی قید ہیں۔ بیرون ممالک مجموعی طورپر اٹھاسی لاکھ بیاسی ہزار پانچ سو اٹھارہ پاکستانی رہائش پذیر ہیں،،بیس ممالک ایسے ہیں جہاں کوئی پاکستانی قید نہیں۔