Saturday, May 18, 2024

سعودی فضائی کمپنیوں نے 38 ممالک کے لیے سفری ہدایات جاری کر دیں

سعودی فضائی کمپنیوں نے 38 ممالک کے لیے سفری ہدایات جاری کر دیں
May 6, 2021

ریاض (92 نیوز) سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کا آغاز 17 مئی سے ہو گا۔ سعودی فضائی کمپنیوں نے 38 ممالک کے لیے سفری ہدایات جاری کر دیں۔

بین الاقوامی پروازوں کی اجازت ملنے کے بعد سعودی فضائی کمپنیوں نے 38 ممالک کیلئے سفری ہدایات جاری کر دیں۔ بین الاقوامی پروازوں کا آغاز سترہ مئی بروز پیر کو صبح 10 بجے سے ہو گا۔

سفری ہدایات کے مطابق جن ممالک سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے وہاں کے شہری سعودی عرب کا سفر کرنے سے پہلے مسافر توکلنا ایپ پر اپنی اہلیت کو ضرور چیک کریں اور اگر لازم ہو تو اجازت نامہ حاصل کریں۔

سعودی میڈیا کے مطابق شرائط اور ہدایات بنا کسی پیشگی نوٹس کے اپ ڈیٹ کی جاسکتی ہیں۔ مسافروں کے لئے لازم ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات حاصل کرنے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سفر کریں۔

مسافروں کیلئے لازم ہے کہ وہ مملکت کے معائنہ سنٹرز سے پی سی آر میڈیکل ایگزامینیشن  سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔

سفری ہدایات کے تحت آنے والے ممالک میں امریکا، متحدہ عرب امارات، مصر، کویت، انڈیا، انڈونیشیا، پاکستان، فلپائن، ملائیشیا، مراکش، اسپین ، عراق، ایتھوپیا، مالدیپ، چین، سوئٹزرلینڈ، فرانس، برطانیہ، اٹلی، آسٹریا، بنگلہ دیش، یونان ، اردن، کینیا، ترکی، جرمنی بحرین ،لبنان، نیدرلینڈز، قطر، سنگاپور، جنوبی افریقہ ، سری لنکا، سوڈان ، نائیجیریا، تیونس عمان  اور ماریشس شامل ہیں۔

حالی ہی میں جاری کئے گئے وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق تین کیٹیگریز کے حامل افراد کو مملکت میں داخلے کی اجازت ہو گی جن میں ویکسین کی دو خوراکیں لینے والے، دوسرے وہ شہری جنہیں کورونا سے صحتیاب ہوئے 6 ماہ ہو چکے ہیں اور تیسرے نمبر پر 18 سال سے کم عمر شہری شامل ہیں۔

مملکت میں واپس آنے والے شہریوں کو 7 دن کیلئے گھروں میں قرنطینہ کرنا ہو گا اور پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا ہو گا۔