Sunday, September 8, 2024

سعودی عرب کے چار شہر دھماکوں سے گونج اٹھے ،12افراد شہید

سعودی عرب کے چار شہر دھماکوں سے گونج اٹھے ،12افراد شہید
July 5, 2016
ریاض(92نیوز)دہشت گردوں نے عید الفطرسےپہلےمسلمانوں کی خوشی کوغم میں بدل دیا  اورسعودی عرب دھماکوں سے گونج اٹھا، خودکش حملہ آوروں نے مدینہ منورہ،جدہ،ریاض اورقطیف شہر میں دھماکے کئے۔ حملوں میں بارہ   افراد شہید ہوگئے، جن میں اکثریت سکیورٹی اہلکاروں کی ہے۔ تفصیلات کےمطابق سعودی عوام اور دنیا بھر کے مسلمان عید کی خوشیاں منانے کی تیاریاں کررہے تھے کہ سعودی عرب میں یکے بعددیگرے دھماکے ہوئے، جن میں سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانیں دے کرسیکڑوں قیمتی جانیں بچالیں۔ پہلا  دھماکہ جدہ میں واقع امریکی قونصل خانے کی عمارت کے قریب  ہو اجہاں ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑالیا۔اس واقعے میں حملہ آور ہلاک اور دو پولیس اہلکار شہید ہوئے یہ حملہ سحری کے وقت ہوا۔  ریاض میں بھی دھماکے کی اطلاعات آئیں۔دو دھماکے دنیا بھرمیں مسلمانوں کے مقدس ترین  مقام مسجد نبوی کے حرم کے قریب سکیورٹی چیک پوسٹ پرہوئے۔ افطار کے وقت ہونے والے  ان دھماکوں میں  دو خود کش حملہ آواروں نے  خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ تاہم سکیورٹی اہلکاروں نےجانوں کا نذرانہ دےکر ان حملہ آوروں کو مسجد نبوی میں داخل ہونے سے روک لیا ۔ اُدھر سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں بھی  مسجد کے باہر دو خودکش حملے ہوئے جہاں دونوں خود کش حملہ آوروں نے خود کو مسجد کے باہر ہی اڑا لیا۔ یہ دھماکے کاروباری علاقے میں ہوئے  جہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو تے ہیں۔