Friday, April 19, 2024

سعودی عرب کے صحرا نے بھی سفید چادر اوڑھ لی

سعودی عرب کے صحرا نے بھی سفید چادر اوڑھ لی
January 17, 2019
 ریاض (92 نیوز) امریکا اور یورپ میں جہاں شدید سرد موسم نے ڈیرے جمائے تو وہیں سعودی عرب کے صحرا نے بھی برف باری کے بعد سفید چادر اوڑھ لی ۔ سعودی عرب کے تاریخی علاقے تبوک میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ برفباری سے صحرائی علاقے کے علاوہ پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ بوک ریجن کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کی وجہ سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا۔ ادھر یورپ میں شدید برف باری سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں ۔ یورپی ممالک میں برفباری کے باعث پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ آسٹریا اور جنوبی جرمنی میں شدید سردی کے باعث اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے ۔ جنوبی جرمنی کے علاقے براویا میں 16 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔ برفباری سے سڑکیں اور ہائی وے بلاک ہو گئیں جس سے ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہے۔ دوسری جانب فرانس، سوئٹزرلینڈ، آسٹریا، جرمنی اور سلووینیا میں محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید برفباری کی پیش گوئی  کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں ۔ حکام کی جانب سے کئی علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔