Saturday, April 20, 2024

سعودی عرب کے صحرا میں میگا سٹی کی تعمیر جاری

سعودی عرب کے صحرا میں میگا سٹی کی تعمیر جاری
March 21, 2015
سعودی عرب (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے صحرا میں میگا سٹی کی تعمیر جاری ہے جو امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے بھی بڑا ہو گا، شہر کی تعمیر پر ایک کھرب امریکی ڈالر لاگت آئے گی۔ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی نامی یہ نیا شہر جدہ سے ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر بحیرہ احمر اور صحرا کے درمیان واقع ہے، جس میں بیس لاکھ افراد کے رہنے کی گنجائش ہوگی۔ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کا پندرہ فیصد حصہ تعمیر ہو چکا، شہر بیس سال میں مکمل ہوگا۔ ستر مربع میل پر پھیلا یہ شہر رقبے کے لحاظ سے امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے بھی بڑا ہے۔ شہر کے مسقبل کا انحصار پیچیدہ اور جدید ترین ٹرانسپورٹ کے نظام، تعلیم، صحت، مکانات اور روزگار پر ہے۔ مکہ اور مدینہ کا ریل نیٹ ورک کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کے ساتھ بھی جڑا ہے۔ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی ان چار نئے شہروں میں سے ایک ہے جن کے بارے میں مرحوم شاہ عبداللہ پرامید تھے کہ وہ مستقبل میں تیل ختم ہونے کی صورت میں سلطنت کے لیے اہم ہوں گے۔