Friday, March 29, 2024

سعودی عرب کی سالمیت ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے، وزیراعظم نوازشریف

سعودی عرب کی سالمیت ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے، وزیراعظم نوازشریف
April 13, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) یمن کے معاملے پر وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت یمن اور سعودی عرب کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اہم مشاورتی اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں سیاسی و عسکری حکام شریک ہوئے۔ یمن کی صورتحال پر مشاورتی اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان یمن میں باغیوں کی طرف سے کی جانے والی پرتشدد کاروائیوں کی مذمت کرتا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا یمن کے معاملے پر پاکستانی حکومت کا اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا ایک اہم سٹریٹیجک اتحادی ہے۔ سعودی عرب کی خودمختاری کو کوئی نقصان پہنچا تو پاکستان کا ردعمل انتہائی سخت ہو گا۔ کسی بھی صورت میں سعودی عرب کا دفاع کیا جائے گا۔ مزید کہا کہ پاکستان کی پالیسیاں اصول کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے اور سعودی بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ اس مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے بیان میں ایران پر زور دیا حوثیوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثنا انہوں نے کہا کہ کچھ بیرونی عناصر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ تعلقات سے خوش نہیں ہیں وہ دوطرفہ تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ افواہوں کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہو رہی ہیں اسی لیے یمن کی صورتحال کے حوالے سے بہت کچھ واضح کرنا ضروری تھا۔ ہم سعودی عرب کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔ واضح رہے کہ اس سلسلے میں یمن کی صورتحال کے حوالے سے پارلیمنٹ میں متفقہ قرارداد بھی پیش کی گئی تھی۔