Thursday, April 25, 2024

سعودی عرب کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں کمی نے عالمی معیشت کو ہلا دیا

سعودی عرب کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں  کمی نے عالمی معیشت کو ہلا دیا
March 9, 2020
ریاض ( 92 نیوز) سعودی عرب کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں کمی نے عالمی معیشت کو ہلاکر رکھ دیا، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 30 فیصد تک گرگئیں، سعودی عرب، جاپان، چین، ہانگ کانگ اور  بھارت کی اسٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی کا رجحان ہے ۔ سعودی عرب کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ، عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 31 اعشاریہ5 فیصد کمی کیساتھ 31 اعشاریہ 02 ڈالر فی بیرل تک گر گئی ۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس کی قیمت میں27 اعشاریہ 4 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد اس کی قیمت30 ڈالر فی بیرل تک چلی گئی  ،1991 کی خلیجی جنگ کے بعد یہ  پہلا موقع ہے جب تیل کی قیمتوں میں  اتنی بڑی کمی ہوئی۔ سعودی عرب نے گزشتہ ہفتے اوپیک ممالک اور روس سے کرونا وائرس کےپیش نظر تیل کی مارکیٹ میں استحکام لانے کیلئے پیداوار میں کمی کی درخواست کی تھی تاہم ماسکو  حکومت نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے جواب میں سعودی عرب نے قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا۔ سعودی عرب کے اقدام  کا اثر اُس کی  اپنی معیشت پر بھی پڑا  ، دنیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری  آرامکو کے شیئرز نو فیصد تک گر گئے ۔ ریاض اسٹاک ایکسچینج میں  آٹھ فیصد تک  گراوٹ دیکھی گئی  ، جاپان اسٹاک ایکسچینج کا نِکی 225اِنڈیکس  چھے اعشاریہ ایک فیصد تک گر گیا۔ چین  کے شنگھائی کمپوزِٹ میں دو فیصد جبکہ  ہانگ کانگ کے ہانگ سینگ انڈیکس میں تین اعشاریہ سات فیصد گراوٹ دیکھی گئی ، بھارتی اسٹاک ایکسچینج  میں بھی پندرہ سو پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔