Friday, April 26, 2024

سعودی عرب کو سی پیک میں تیسرے شراکت دار کے طور پر دعوت دی، فواد چودھری

سعودی عرب کو سی پیک میں تیسرے شراکت دار کے طور پر دعوت دی، فواد چودھری
September 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ سعودی عرب کو سی پیک میں تیسرے شراکت دار کے طور پر دعوت دی ہے۔ سعودی عرب سے بہت بڑی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہے، سعودی عرب کو سی پیک میں بطور تیسرا فریق بننے کی دعوت دی، اکتوبر میں سعودی عرب کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ کراچی میں پانی کے ایشو پر یو اے ای اپنے وفود بھیج رہی ہے، اکتوبر میں متحدہ عرب امارات اپنے ماہر معاشیات پاکستان بھیج رہا ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ نواز شریف کا جیل آنا جانا لگا رہے گا، جو لوگ کہہ رہے تھے کہ شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا؟ان کو اب تسلی ہو گئی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کل ضمانت کے بعد اگر کہیں باہر چلے جاتے تو ہم کہاں ان کو ڈھونڈتے پھرتے،ضمانت ہوئی ہے، کیس ختم نہیں ہوا،نوازشریف اور مریم کو باہر نہیں جانے دیں گے۔ نوازشریف کو دوبارہ اسی جگہ پہنچایا جائے گا جہاں وہ کچھ دن پہلے تھے۔ اسحاق ڈار کو بھی باہر سے لے کر آئیں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ تمام دنیا میں کرپشن کے خلاف ایک تحریک چل رہی ہے، نیب ایک غیر جانبدار ادارہ ہے ہم اس میں مداخلت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ نہ ڈیل ہوگی اور نہ ڈھیل ہو گی، عوام کا پیسہ واپس لایا جائے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے چور کیلئے اب الگ الگ نظام نہیں چل سکتا، نوازشریف اتنے اہم نہیں کہ سعودی عرب ان کیلئے کوئی ڈیل کرے، آپ کے پاس پیسے ہیں تو پھر جیلیں بھی آپ کی اپنی ہیں اور انصاف کے نظام پر بھی آپ اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے چین کو اعتماد میں لیا گیا ہے، سی پیک منصوبے سے عوام کی قسمتیں بدل جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ریونیو کو اکٹھا کرنا اور غریبوں پر بوجھ نہیں ڈالنا ہے، ہماری پالیسیوں میں امیر آدمی کو قربانی دینی پڑے گی۔