Friday, April 26, 2024

سعودی عرب کا کل سے حرمین شریفین سمیت ملک بھر میں کورونا پابندیاں نرم کرنیکا اعلان

سعودی عرب کا کل سے حرمین شریفین سمیت ملک بھر میں کورونا پابندیاں نرم کرنیکا اعلان
October 16, 2021 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) عالم اسلام کا روحانی مرکز ایک بار پھر مکمل طور پر آباد ہونے کو تیار ہے۔ سعودی عرب نے کل (اتوار) سے حرمین شریفین سمیت ملک بھر میں کورونا کی پابندیاں نرم کرنے کا اعلان کردیا۔ زائرین کی تعدادپرلگی پابندی بھی ختم کردی گئی۔

سعودی حکومت نے17 اکتوبر سے کورونا پابندیاں مزید نرم کرنے کا اعلان کردیا۔ رحمتوں، برکتوں کی مرکز مسجدالحرام پہلے کی طرح مکمل طور پر اہل ایمان کی صداؤں لبیک اللھم لبیک سے گونجنے کیلئے تیار ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 17 اکتوبر سے ملک میں اجتماعات کی مکمل اجازت ہو گی۔ کورونا کی دونوں ڈوز لگوانے والے شہری کچھ مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ مسجد الحرام میں مکمل سہولیات دستیاب ہوں گی۔ وہ زائرین جو ویکسین کی دونوں ڈوز حاصل کر چکے ہیں، ان کی موبائل ایپ کے ذریعے عمرہ بکنگ معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ کچھ مقامات پر خدام اور زائرین ماسک کا استعمال بھی جاری رکھیں گے۔

سعودی میڈیاکےمطابق مسجد نبوی شریف میں بھی تمام سہولیات دستیاب ہوں گی جبکہ ریاض الجنہ میں نوافل ادا کرنے کے لیے اعتمرنا ایپ کا استعمال معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

دوسری جانب ملک بھرمیں کھلی جگہوں پر ماسک اب مکمل طور پر ویکسین لگانے والے افراد کے لیے لازمی نہیں ہو گا جبکہ عوامی مقامات یا ایسی جگہیں جن کی توکلنا ٹریسنگ ایپ کے ذریعے نگرانی نہیں کی جاتی، پر ماسک پہنا ضروری ہوگا۔

عوامی مقامات پر سماجی فاصلے کی پابندی کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔