Friday, April 26, 2024

سعودی عرب کا رواں سال حج کرانے کا اعلان

سعودی عرب کا رواں سال حج کرانے کا اعلان
May 10, 2021

ریاض (92 نیوز) سعودی عرب نے رواں سال حج کرانے کا اعلان کردیا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج کے آپریشنل امور اور تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، سعودی عرب آنے والے غیر ملکیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس لازمی قراردے دی گئی۔

سعودی عرب نے رواں سال حج کرانے کا اعلان کردیا، وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اس سال زائرین کیلئے محفوظ ماحول میں تمام سہولتوں اور آسانیوں کے ساتھ حج کے مناسک انجام دیے جائیں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان ہشام سعید نے کہا کہ حج کی سکیموں اور ضابطوں کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائےگا، انہوں نے مزید کہا کہ اس سال حج کرانے کے لیے تمام آپشنززیر غور ہیں،،حج صرف ان لوگوں کو کرایا جائے جو مکمل طور پر صحت مند ہوں گے۔

دوسری جانب سعودی کونسل آف کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس نے سیاحت، زیارت اورعمرہ کے مقصد سے سعودی عرب آنے والے غیر ملکیوں کو ہیلتھ انشورنس برائے کورونا وائرس کرانے کا پابند کردیا ہے۔

اس سے قبل مملکت کے باہر سے آنے والے، اقامہ ہولڈرز کے عزیز و اقارب، اور فیملی ممبران کے لئے ہیلتھ انشورنس لازمی قرار دی گئی تھی۔