Friday, April 19, 2024

سعودی عرب : چالیس برس تک  وزیرخارجہ رہنے والے سعود الفیصل انتقال کرگئے

سعودی عرب : چالیس برس تک  وزیرخارجہ رہنے والے سعود الفیصل انتقال کرگئے
July 10, 2015
ریاض(92نیوز)سعودی عرب کے سابق وزیرخارجہ سعودالفیصل پچھہتربرس کی عمرمیں انتقال کرگئے ،وہ ریکارڈ چالیس سال تک وزارتِ خارجہ کے منصب پر فائز رہے، صدرممنون حسین اوروزیراعظم نوازشریف نے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہارکیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چالیس سال کےطویل عرصے تک سعودی عرب کے وزیرِخارجہ رہنے والے سعود الفیصل سابق سعودی فرمانروا شاہ فیصل کے بیٹوں میں دوسرے نمبرپر تھے،سعود الفیصل دوجنوری انیس سوچالیس کو طائف میں پیداہوئےاوروہ انیس سو پچہترمیں وزارت خارجہ کاقلمدان سنبھالنے سے قبل کئی اہم عہدوں پر بھی فائزرہے۔ سعود الفیصل نے خرابی صحت کے باعث رواں برس انتیس اپریل کو وزارت خارجہ کا قلمدان چھوڑ دیا۔ ان کی جگہ امریکی میں تعینات سعودی سفیر عادل الجبیرکو وزراتِ خارجہ کا قلم دان سونپا گیا۔ مرحوم نے شاہ خالد، شاہ فہداورشاہ عبداللہ کے ساتھ بطوروزیرِ خارجہ کام کیا،سعود الفیصل کی پاکستان سے محبت بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی سمیت ہرمشکل وقت میں پاکستان کی مددکی ۔ سعودی عرب کی اس اہم سیاسی اور انسانی شخصیت کا انتقال امریکی ریاست لاس اینجلس میں ہوا جہاں وہ سرطان کے علاج کے لئے ہسپتال میں داخل تھے۔ صدرممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اورپاکستانی کے دیگر سیاسی قائدین  نے سعودالفیصل کےانتقال پرگہرے دکھ کا اظہارکیا ہے۔