Wednesday, May 8, 2024

سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ، وزیر اعظم

سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ، وزیر اعظم
May 9, 2021

جدہ (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے جدہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب میں کہا رضا باقر کے ساتھ مل کر ریمیٹینسز بڑھانے کی کوشش کی۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا جو رزلٹ آیا اس کی توقع نہیں تھی۔ آج ہمارے پاس وہ پراڈکٹس ہیں جو پہلے نہیں تھیں۔ میں چاہتا ہوں رضاباقر کا اوورسیزپاکستانیوں سے تعلق جڑا رہے۔ 90 اوورسیز پاکستانی پاکستان کا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا سعودی عرب کی حکومت اور شیخ محمد کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بہت مشکل وقت میں انہوں نے ہمیں اسپورٹ کیا۔ ہمارے ریزرو میں بھی ہمارا ساتھ دیا اور تیل کی مد میں بھی مدد کی۔ سعودی عرب کے ساتھ یو اے ای نے بھی ہماری مدد کی۔ اگربروقت ہماری مدد نہ کی جاتی تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔

وزیر اعظم بولے کورونا نے دنیا بھر کی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہندوستان میں کورونا نے بہت تباہی مچائی۔ اللہ کا شکر ہے ہم نے پاکستان کو کورونا کے دوران بچا لیا۔ ہم نے اپنے لوگوں کو بھی بچانا تھا اور معیشت کو بھی بچانا تھا۔ آج ہماری معیشت کے اشاریے بہت خوش آئند ہیں۔ کم لاگت ہاؤسنگ ہمارا بہت بڑا پراجیکٹ ہے۔ ہمارا ہاؤسنگ کا شعبہ بہت تیزی سے اوپر جارہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کمرشل بینکوں کو گھروں کے آسان قرضوں کے لیے سہولیات دے رہا ہے۔ ہم مشکل وقت سے نکل آئے، مجھے آگے بہت اچھا وقت نظر آرہا ہے۔ میں مستقبل میں اوورسیز پاکستانیوں کا بہت اہم کردار دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا میں آج بہت خوش ہوں۔ دورہ سعودی عرب سے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ پاکستان کے لیے سعودی عرب بہت اہم ہے۔ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے مشکل وقت میں ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ ہمیں وفد سمیت روزہ رسولﷺ میں جانے کا موقع ملا۔ ہماری بیٹریز بھی ریچارچ ہو گئیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا ایک طرف وہ مافیا ہے جو پرانے نظام کو بچانے کی کوشش کررہا ہے۔ دوسری طرف میرے ساتھ وہ عوام ہے جو پاکستان کو رول آف لاء کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی ہو وہی ترقی کرتا ہے۔ جہاں طاقت کی حکمرانی ہو وہ معاشرہ کبھی اوپر نہیں جاتا۔ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ میری سب سے بڑی طاقت رہے ہیں۔ اوورسیزپاکستانی اپنے ملک کے ٹھیک ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ پاکستان میں آنے والی تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا۔ تبدیلی بھی یوتھ اور سوشل میڈیا کی وجہ سے ہی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا میں آج آپ کو خوشخبری سنانا چاہتا ہوں۔ ہماری جدوجہد پاکستان کو وہاں لے کر جائے گی جہاں پاکستان کو 70 سال پہلے ہونا چاہئے تھا۔ ہم دوبارہ اپنی منزل کے ٹریک پر آچکے ہیں۔ یہ مافیا سے آزادی کی جنگ ہے۔ خوشخبری یہ ہے بہت جلد آپ کے سامنے ایک نیا پاکستان آئے گا۔