Monday, May 13, 2024

سعودی عرب نے پاکستان کیلئے حج کوٹہ دو لاکھ کر دیا

سعودی عرب نے پاکستان کیلئے حج کوٹہ دو لاکھ کر دیا
February 21, 2019
ریاض ( 92 نیوز)  پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب سے خوشخبریوں کا سلسلہ جاری ہے ، سعودی ولی عہد کی جانب سے اہلیان وطن  سے اظہار محبت کیلئے ایک کےبعد ایک  عنایت کی جا رہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کی کوششوں پر سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے حج کوٹہ دو لاکھ کر دیا ، ای ویزا ممالک کی سہولت بھی فراہم کر دی۔ اب پاکستانی عازمین حج ای ویزہ کے تحت سعودی عرب جا سکیں گے ، عمرہ زائرین بھی ای ویزہ کی سہولت حاصل کر سکیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے ای ویزہ کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، ای ویزہ کے تحت عازمین کے قیمتی وقت کی بچت ہو گی ۔ سعودی حکومت نے پاکستانیوں کے لیے حج کوٹہ بھی دو لاکھ کر دیا ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کے دوران حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے سہولیات کی فراہمی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2100سے زائد قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی،اپنے پیاروں سے ملنے کی تڑپ میں  وقت کاٹنا مشکل ہو گیا،جلد از جلد ملنے کی آرزو جاگ گئی۔ چکوال کے نواحی قصبہ بھون کا فضل الرحمان روزی روٹی کمانے سعودی عرب کیاگیا، سعودی کفیل  نے مبینہ طور پر میعادختم ہونے پر پاسپورٹ نہ دیا بلکہ پولیس کے حوالے کردیا۔ شوگر کے مریض فضل الرحمان کو اسپتال منتقل کیاگیا لیکن مرض کی شدت بڑھنے پر ٹانگ کاٹ دی گئی ،فضل الرحمان کا باپ بھی بیٹے کی جدائی میں دنیا سے چلا گیا، جب کہ بوڑھی ماں بھی بیٹے کی ایک جھلک دیکھنے کو ترس رہی ہے ۔ حاصل پور کے نواحی چک نمبر 17 فورڈ واہ کا اسرار احمد بھی دو سال سے سعودی جیل میں قید ہے،جس کے لواحقین سعودی شہزادے کے اعلان کے بعد پُر امید ہیں۔ سعودی ولی عہد کے اعلان سے پھالیہ کے رہائشی  رفیق شاہ اور شبیر شاہ کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہےجو دس سال سے قتل کے جھوٹے مقدمے میں سزا بھگت رہے ہیں۔ سعودی ولی عہد کے اعلان پر متاثرہ خاندان پُرامید ہیں کہ جلد ہی ان کے پیارے ان کے درمیان ہوں گے اور ان کی زندگی کے مشکل دن گزر جائیں گے۔