Thursday, April 25, 2024

سعودی عرب نے منیٰ حادثے کے شہداءکی تعداد چھپائی‘ اصل تعداد 2110 ہے: غیرملکی میڈیا

سعودی عرب نے منیٰ حادثے کے شہداءکی تعداد چھپائی‘ اصل تعداد 2110 ہے: غیرملکی میڈیا
October 20, 2015
دبئی (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں حج کے دوران بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں شہداءکی تعداد 2110 ہے جو کہ سرکاری طور پر سامنے آنے والے اعدادوشمار سے تین گنا زیادہ ہے۔ غیر ملکی میڈیا نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے منیٰ واقعہ میں اب تک 769 حجاج کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق منیٰ سانحے میں ہلاک ہونے والے حجاج کی حالیہ تعداد میڈیا رپورٹس اور 30 ان ممالک کی جانب سے جاری ہونے والے بیانات کے بعد سامنے آئی ہے جن کے شہری شہداءمیں شامل تھے۔ حج کی 25سالہ تاریخ میں حالیہ حادثے کو سب سے زیادہ بدترین قرار دیا گیا ہے۔ اس سے قبل 12 ستمبر کومکہ کی مسجد الحرام کے صحن میں کرین گرنے سے کم از کم 107 افراد شہید اور 200 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔ 25 ستمبر کے بعد سے جب شہداءکی تعداد 934 ہو چکی تھی سعودی حکام نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری نہیں کیے۔ اس صورتحال کے باعث پاکستان اور ایران سمیت دیگر ممالک کی جانب سے سعودی عرب پر تنقید کی گئی۔ ایران نے تو سعودی عرب سے اس واقعہ پر معافی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران کے 465، نائجیریا کے 199، مالی کے 198 جبکہ مصر کے 192 شہری شہید ہوئے ہیں۔ پاکستانی حکام نے اب تک اپنے 104 شہریوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے جبکہ اس کے 12 شہری اب بھی لاپتہ ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اتوار کو منیٰ واقعہ سے متعلق وزیرداخلہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز کی سربراہی میں ایک اجلاس ہوا۔ انہیں اس واقعے میں ہونے والی تحقیقات سے آگاہ کیا گیا۔ اس سے قبل 1990ءمیں حج کے دوران بھگدڑ کے واقعے میں 1426 افراد شہید ہوئے تھے۔