Friday, April 19, 2024

سعودی عرب نے قرض پر شرط نہیں رکھی،اسرائیلی طیارے بارے تردید آچکی،وزیرخارجہ

سعودی عرب نے قرض پر شرط نہیں رکھی،اسرائیلی طیارے بارے تردید آچکی،وزیرخارجہ
October 27, 2018
ملتان ( 92 نیوز ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ  سعودی عرب نے قرض پر کوئی شرط عائد نہیں کی جب کہ  اسرائیلی طیارے سے متعلق حکومت کی جانب سے تردید آچکی ہے شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس میں  واضح کیا کہ سعودی عرب نے قرض پر کوئی  شرط عائد نہیں کی ، سعودی عرب نے پاکستانی عوام سے دیرینہ تعلق کی بنیاد پر ریلیف دینے کی کوشش کی ہے مگر بعض لوگوں کو اچھی چیز یں بھی ہضم نہیں ہوتیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ تجربہ کار سفارتکار لگائے جائیں ، ہم نے جو سفیر تعینات کئے وہ اپنے اپنے فیلڈ میں منجھے ہوئے ہیں، ہم ذاتی مفاد نہیں ملکی مفاد کو مد نظر رکھیں گے۔ن لیگ نے سفارتکار نہیں سیاسی تعلق والے لوگ تعینات کئے ۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  چین اچھا دوست ہے جس سے ہمارے گہرے روابط ہیں ، اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کا اہم جزو ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ چین بہت اہمیت کا حامل ہے ، ہم اچھی  پیشرفت کی توقع رکھتے ہیں ۔ نئے صوبے سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیا صوبہ بننے سے کسی ایک جماعت کو نہیں بلکہ سب کو فائدہ ہوگا، اس  معاملے پر اتفاق رائے چاہتے ہیں  ۔ اپوزیشن کی جماعتوں کو  بھی ہمارا ساتھ دینا چاہئے  ۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی ضروریات سمجھتے ہوئے آگے بڑھا جائے،ہماری عددی اکثریت اتنی نہیں کہ اکیلے آئین میں ترمیم کر سکیں۔