Friday, March 29, 2024

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کی تعداد 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کردی

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کی تعداد 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کردی
September 30, 2021 ویب ڈیسک

مکہ (92 نیوز) اللہ کے گھر کی زیارت کے خواہشمند، دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کیلئے خوشخبری ہے۔ سعودی عرب نے عمرہ زائرین کی تعداد 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کردی۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ زائرین کی تعداد روزانہ ساٹھ ہزار سے ایک لاکھ بڑھانے کے ساتھ ساتھ نمازیوں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے جو پہلے 40 ہزار تھی، اب 60 ہزار کردی گئی ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے زائرین کی تعداد بڑھانے کے ساتھ مسجد الحرام میں حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدر آمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کے لیے پہلے کی طرح توکلنا ایپ کے ذریعہ وقت لے سکتے ہیں۔

حرمین شریفین انتظامیہ نے روزانہ تعداد میں زائرین کے اضافے کے لیے پیشگی تیاری مکمل کرلی ہے۔ مطاف میں اضافی تعداد کے لیے مزید ٹریکس تیار کئے گئے ہیں جبکہ صفوں میں بھی گنجائش پیدا کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ معذور اور معمر افراد کے لیے خصوصی راستے کھول دیئے گئے جن سے گزر کر وہیل چیئر پر آرام سے مناسک کی ادائیگی ممکن ہوگی۔