Friday, April 26, 2024

سعودی عرب نے حج 1441 ہجری کا لوگو جاری کردیا

سعودی عرب نے حج 1441 ہجری کا لوگو جاری کردیا
July 13, 2020

ریاض ( 92 نیوز) سعودی عرب نے حج 1441 ہجری کا نیا لوگو جاری کردیا ہے جسے حج میں شریک تمام سرکاری و نجی ادارے یکساں طور پر استعمال کریں گے۔ حج کے نئے لوگومیں موجودہ حالات کی مناسبت سے تبدیلی کرتے ہوئے ’ بِسَلَامٍ اٰمِنِيْنَ‘ کے الفاظ کا اضافہ کیا گیا۔

سعودی عرب نے حج 1441 کیلئے نیا لوگو جاری کر دیا جس  میں موجودہ حالات کی مناسبت سے تبدیلی کرتے ہوئے ’ بِسَلَامٍ اٰمِنِيْنَ‘ کے الفاظ کا اضافہ کیا گیا ہے

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ’یہ دو الفاظ ’ بِسَلَامٍ اٰمِنِيْنَ‘ قرآن مجید کی سورہ الحجر کی آیت نمبر46 سے ماخوذ ہیں۔ ’بسلام‘ سے مراد سلامتی کے ساتھ اور ’آمنین‘ سے مراد امن کے ساتھ ہے، یعنی اس سال حج سلامتی اور امن کے ساتھ ہوگا۔

لوگو میں چار دائرے ہیں جن کے قریب 20 اور 41 لکھا ہے، اس سے مراد عیسوی سال 2020 اور ہجری سال 1441 ہے۔ دائروں کے وسط میں سیاہ مکعب ہے جس سے مراد کعبۃ اللہ ہے‘۔

لوگو کی ترکیب اس طرح بنی ہے جس طرح ’حج‘ لکھا جاتا ہے۔ سبز رنگ سے مراد سلامتی، صحت اور امن و امان ہے۔ لکیروں اور ان کے درمیان خالی سفید جگہ سے مراد طواف کے دوران سماجی فاصلہ ہے جو حج کے مناسک کی ادائیگی میں اختیار کیا جائے گا۔