Saturday, May 18, 2024

سعودی عرب نے ایران کیساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے شرط عائد کردی

سعودی عرب نے ایران کیساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے شرط عائد کردی
January 5, 2016
ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے دوسرے ممالک میں دخل اندازی بند کرنے کی شرط رکھ دی ہے۔ اقوام متحدہ میں سعودی سفیر عبداللہ المعلمی کہتے ہیں کہ ایران کیساتھ سفارتی تعلقات توڑنے کے باوجود شام اور یمن میں امن عمل میں اس کا کردار متاثر نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ المعلمی نے کہا سعودی عرب یمن اور شام میں امن عمل کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے گالیکن شام اور یمن کے بحران پر ایران اشتعال انگیزی اور منفی طرز عمل اپنائے ہوئے ہے۔ عالمی برادری کو چاہئے کہ ایران کو ایسے طرز عمل سے باز رکھے۔ دوسری طرف وائٹ ہاوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کسی بھی ملک کی طرف سے وسیع پیمانے پر لوگوں کو سزائے موت دینے کی مذمت کریگا۔ انہوں نے مزید کہا ایران اور سعودی عرب کے رویے نے شام میں امن عمل کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے تاہم عبداللہ المعلمی نے کہا ہے کہ سعودی عرب شام کے بارے میں امن کانفرنس میں شرکت کریگا اور ایران یا کسی دوسرے ملک کی وجہ سے مذاکرات کے اگلے دور کا بائیکاٹ نہیں کریگا۔ عبداللہ المعلمی نے مزید کہا ایران سعودی عرب اور خطے کے دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کر دے تو سفارتی تعلقات بحال ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ایران برادر ملک ہے‘ ایران اور سعودی عرب کی تاریخ، مذہب ،جغرافیہ ہی نہیں مستقبل بھی مشترک ہیں۔