Friday, May 10, 2024

سعودی عرب میں کورونا کے باعث عائد کرفیو میں جزوی طور پر نرمی

سعودی عرب میں کورونا کے باعث عائد کرفیو میں جزوی طور پر نرمی
April 26, 2020
ریاض (92 نیوز) سعودی عرب کے تمام ریجنز میں کورونا وائرس کے باعث عائد کرفیو میں جزوی طور پر نرمی کردی گئی تاہم مکہ مکرمہ اور چند دور دراز کے علاقوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو برقرار رہے گا۔ 29اپریل سے شاپنگ مالز اور دوکانیں کھولنے کی بھی اجازت ہوگی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت کے تمام ریجنز میں عائد کرفیو میں نرمی کردی گئی۔ شہریوں کو تیرہ مئی یعنی بیس رمضان تک صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک گھروں سے باہر نکلنے کی جازت مل گئی، تاہم مکہ مکرمہ اور چند دور دراز کے علاقوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو برقرار رہے گا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انتیس اپریل سے شاپنگ سنٹرز، مالز اور دیگر دوکانیں بھی کھولی جائیں گی۔ کنسٹرکشن کمپنیز اور فیکٹریوں میں بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم بیوٹی پارلرز، حجام کی دوکانیں، کیفے، سنیما گھر اور دیگر تفریحی مراکز بند رہیں گے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جو بھی پابندیوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو گا اسے جرمانہ اور کاروبار بند کردیا جائے گا۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک  ایک سو چھتیس افراد جاں بحق جبکہ سولہ ہزار سے زائد متاثر ہو چکےہیں۔