Thursday, March 28, 2024

سعودی عرب میں21 روز کیلئے کرفیو نافذ

سعودی عرب میں21 روز کیلئے کرفیو نافذ
March 23, 2020

ریاض ( 92 نیوز) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کرفیو لگا دیا گیا،سعودی گزٹ کے مطابق شاہ سلمان نے 21 دن کیلئے کرفیو لگانے کا حکم جاری کیا ہے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے  پانچ سو سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں  ، وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سعودی  فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے  آج سے 21 روز تک  مملکت بھر میں کرفیو نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔

کرفیو مقامی وقت کے مطابق  شام سات بجے سے صبح چھ بجے تک رہا کرے گا ، اس دوران  تمام تجارتی مرکز کی بندش کے علاوہ دیگر کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی،ہیلتھ ،سروس ،فنانشل  اور ٹیلی کمیونی  کیشن سیکٹر سے منسلک افراد پر کرفیو لاگو نہیں ہوگا۔

 سعودی خبر ایجنسی کے مطابق کرفیو کے نفاذ کو یقینی بنانے کی  ذمہ داری وزارت داخلہ  کی ہوگی  ، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا تھا  کورونا  ایک جان لیوا وائرس  ہے  ، شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ  کرفیو  کے دوران گھروں میں رہیں اور  صرف ایمرجنسی کی صورت میں ہی  سفر کریں ۔

دوسری جانب  متحدہ عرب امارات نے بھی حفاظتی اقدامات کے تحت دو ہفتے کیلئے  شاپنگ مالز اور مارکیٹیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔وزارت صحت کے مطابق پابندی کا اطلاق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں ہوگا تاہم فارمیسی ،سبزی ،پھلوں اور  گوشت کی دکانیں کھلی رہیں گی،،متحدہ عرب امارات میں کورنا وائرس سے دو افراد ہلاک اور ایک سو پچاس سے زائد متاثر ہوچکے ہیں ۔