Saturday, April 27, 2024

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث کرفیو ، لاک ڈاؤن میں غیر معینہ مدت کیلئے اضافہ

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث کرفیو ، لاک ڈاؤن میں غیر معینہ مدت کیلئے اضافہ
April 12, 2020
 ریاض (92 نیوز) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث کرفیو اور لاک ڈاؤن میں غیر معینہ مدت کیلئے اضافہ کر دیا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق کرفیو میں مزید اضافہ کوررونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ لوگوں کو چاہئیے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ سعودی عرب میں چوبیس گھنٹوں میں پانچ افراد دم توڑ گئے، مجموعی اموات باون جبکہ متاثرین کی تعداد چار ہزار تینتیس ہوچکی ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلیمان نے سعودی عرب میں کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث کرفیو میں غیر معینہ مدت تک توسیع کرنے کی منظوری دے دی۔ دوسری طرف کووِڈ-19 نے پوری دنیا کو جکڑ لیا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ خوفناک داستانیں رقم ہونے لگیں۔ امریکا اب کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کے بعد ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے بھی سرفہرست ملک بن گیا جہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اٹلی سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا میں وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 20 ہزار اور متاثرین کی تعداد 5 لاکھ بتیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ یورپ میں اس وقت سب سے سنگین صورتحال کا سامنا برطانیہ کو کرنا پڑ رہا ہے جہاں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد نو ہزار آٹھ سو پچھتر تک پہنچ چکی ہے۔