Thursday, September 19, 2024

سعودی عرب میں پاک فوج کی تعیناتی کی تفصیلات نہ بتانے پر چیئرمین سینیٹ برہم

سعودی عرب میں پاک فوج کی تعیناتی کی تفصیلات نہ بتانے پر چیئرمین سینیٹ برہم
February 19, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وفاقی حکومت نے سعودی عرب میں پاک فوج کی تعیناتی کی تفصیلات سینیٹ کو فراہم کرنے سے انکار کر دیا ۔ جس پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی برہم ہو گئے ۔

وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا کہ آپریشنل تفصیلات سے متعلق سوال نہ پوچھا جائے  ۔ جس پر  چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایگزیکٹو خود پارلیمنٹ کی ناک ریت میں رگڑ رہی ہے ،  کیوں نہ وزیر اعظم اور وزیر دفاع کے خلاف توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کی جائے ۔

فوج کی تعیناتی کی تفصیلات  طلب کرنے پر خرم دستگیر نے کہا فوج سعودی عرب بھیجنے کی منظوری وزیراعظم نے دی جس کے بعد آئی ایس پی آر نے بھی پریس ریلیز جاری کی۔

وزیردفاع نے کہا کہ ایک ہزار فوجی ٹریننگ کے لئے سعودی عرب بھیجے جا رہے  ہیں پاکستان غیر جانبدار ہے فوج سعودی عرب بھیجنے کے معاملے پر کئی ماہ سے بات چیت جاری تھی  ۔

وزیردفاع نے کہاکہ  سعودی عرب میں فوج کی تعیناتی سے متعلق سوال نہ پوچھا جائے ،ان کیمرا اجلاس میں بھی آپریشنل تفصیلات نہیں بتا سکتے ، جس پر رضا ربانی شدید برہم ہو گئے اور کہا کہ پارلیمنٹ سے کوئی معلومات چھپائی نہیں جا سکتیں۔وزیراعظم اور آپ فیصلے سے آگاہ تھے مگر پارلیمنٹ کو اعتماد نہیں لیا ، کیوں نہ وزیر اعظم اور آپ کے  خلاف توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کی جائے؟۔

چیئرمین سینیٹ نے بات یہیں ختم نہیں کی بلکہ  خرم دستگیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات نہ کریں ،  ایگزیکٹو خود پارلیمنٹ کی ناک ریت میں رگڑ رہی ہے، آپ معلومات نہیں بتانا چاہتے تو صاف انکار کردیں لیکن لالی پاپ نہ دیں ہم بچے نہیں ہیں۔