Wednesday, April 24, 2024

سعودی عرب میں حرمین شریفین کو کھولنے کا عمل شروع، مطاف بند رہے گا

سعودی عرب میں حرمین شریفین کو کھولنے کا عمل شروع، مطاف بند رہے گا
March 7, 2020
ریاض (92 نیوز) سعودی عرب میں حرمین شریفین کو کھولنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ عمرہ پر پابندی تک مطاف مستقل بند رہے گا، حرمین شریفین اور ٹرین اسٹیشنوں کے درمیان چلنے والی بس سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ سعودی عرب میں حرمین الشریفین کے کچھ حصوں کوآج نماز جمعہ کیلئے کھول دیا گیا جبکہ صفائی ستھرائی اور جراثیم کش سپرے کےبعد دیگر حصوں کو بھی وقفے وقفے سے کھولا جا رہا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق حرمین شریفن کو بند کرنے کا  فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا، دونوں مقدس مقامات کی مسلسل صفائی اور فرض نمازوں سے خارج اوقات میں جراثیم سے پاک کیا گیا۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق جب تک عمرہ بند رہے گا تب تک خانہ کعبہ کے اطراف طواف والا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ بھی بند رکھا جائے گا۔ عمرے پر پابندی کے دوران نمازیں صرف مسجد کے اندر ہوں گی۔ انتظامیہ کے عہدیدار نے توجہ دلائی کہ ’سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی کا فیصلہ مکہ مکرمہ شہر کے تمام باشندوں پربھی لاگو ہوگا۔ کسی بھی احرام پوش کو کسی بھی حالت میں مسجد الحرام اور اس کے اطراف صحنوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتظامیہ کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق اعتکاف اور مسجد میں بستر بچھانے، کھانے پینے کی اشیاء لے جانے کی بھی ممانعت ہوگی جبکہ آب زمزم کی سبیلیں بھی بند کردی جائیں گی۔