Saturday, April 20, 2024

سعودی عرب میں حج کی تیاریں مکمل کر لی گئیں

سعودی عرب میں حج کی تیاریں مکمل کر لی گئیں
July 28, 2020

ریاض ( 92 نیوز) خوش نصیبوں کی مراد بر آنے کے لمحات قریب آگئے ، سعودی عرب  میں حج کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، مختلف شہروں سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، کورونا حفاظتی انتظامات کے تحت صفائی کا عمل کئی گنا بڑھا دیا گیا ، دوسری جانب حج کی میڈیا کوریج کیلئے آن لائن پلیٹ فارم کا افتتاح بھی کر دیا گیا ہے۔

حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب  کے مختلف شہروں سے خوش نصیب عازمین کی جدہ آمد جاری ہے، جہاں سے انہیں وزارت حج و عمرہ کی زیرنگرانی مکہ المکرمہ لے جایا جا رہا ہے، عازمین 30 جولائی کو ارکان حج کی ادائیگی شروع کرنے سے پہلے تک مکہ مکرمہ میں مقیم رہیں گے، اس دوران وہ عمرہ بھی ادا کرسکیں گے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عازمین حج کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، کورونا وائرس کے سبب حفاظتی انتظامات کے تحت مسجد الحرام، مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں صفائی کے عمل کو کئی گنا بڑھا دیا گیا ہے۔ سینی ٹائزیشن کا کام مکمل ہے جبکہ دن میں کئی بار وائرس کش اسپرے کیا جارہا ہے۔

مسجد الحرام کے صحن اور مختلف حصوں کو دن میں دس بار مکمل طور پر دھویا جارہا ہے ، صفائی اور دیگر انتظامات کیلئے خانۂِ خدا میں 3 ہزار 500 ملازمین خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔

دوسری جانب حج کی میڈیا کوریج کیلئے آن لائن پلیٹ فارم کا افتتاح کیا جا چکا ہے، سعودی وزارت اطلاعات کے مطابق آن لائن پلیٹ فارم نشریاتی اداروں کو حج سے متعلق تمام خبریں اور ضروری معلومات فراہم کرے گا۔

حج کی میڈیا کوریج کرنے والی ویب سائٹ کو ’امن وسلامتی کے ساتھ‘ کا نام دیا گیا ہے ، سعودی اور بین الاقوامی صحافی اس ویب سائٹ کے ذریعے تصاویر اور ویڈیو فوٹیج کے علاوہ آن لائن پریس کانفرنس کا مواد بھی حاصل کرسکیں گے۔

رواں برس کورونا وبا کے سبب صرف ایک ہزار افراد حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے، جن میں دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 700 ایسے افراد شامل ہیں، جو سعودی عرب میں مقیم ہیں۔