Monday, May 13, 2024

سعودی عرب میں بیک وقت سول اور فوجی حکام کیخلاف کرپشن کی تحقیقات

سعودی عرب میں بیک وقت سول اور فوجی حکام کیخلاف کرپشن کی تحقیقات
September 1, 2020

ریاض ( 92 نیوز) سعودی عرب میں بیک وقت سول اور فوجی حکام کیخلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، مشترکہ افواج کے کمانڈر اور الجوف  کے نائب گورنرسمیت متعددسول اورعسکری عہدیداروں کوعہدوں سے ہٹاکرتحقیقات شروع کردی گئیں۔

سعودی فرما روا شاہ سلمان نے وزارت دفاع میں کرپشن کی وسیع البنیاد تحقیقات کاحکم دے دیا ، بیک وقت سول اورفوجی حکام کیخلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغازکردیاگیا۔

سعودی عرب کی مشترکہ افواج کے کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی بن عبدالعزیز آل سعود   ، ان کے بیٹے اورسعودی علاقہ الجوف کے نائب گورنرشہزادہ عبدالعزیز بن فہد بن ترکی کو بھی بدعنوانی کے الزامات پر برطرف کرکےدونوں کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئیں۔

سعودی فرماں روا نے ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پرکارروائی کا حکم دیا ،  شاہی فرمان کے مطابق تحقیقات کا آغاز سعودی وزارت دفاع میں مبینہ مالیاتی کرپشن پرکیا گیا، کمانڈر کی برطرفی کے بعدڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل مطلق العزیمہ،کوسعودی مشترکہ افواج کے امور سنبھالنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔

تحقیقات کی زد میں آنے والوں میں یوسف بن رقان بن ہندی العطیبہ، محمد بن عبدالکریم بن محمد الحسن،فیصل بن عبدالرحمن بن محمد العجلان، محمد بن علی بن محمد الخلیفہ شامل ہیں۔

حکم نامے میں کہاگیاہےکہ سعودی عرب کا تحدید اور انسداد کرپشن کمیشن وسیع البنیاد تحقیقات کرے گا،تمام فوجی اور سویلین کیخلاف تحقیقات کرکے قانون چارہ جوئی کی جائے گی، جب کہ تحقیقات کے نتائج اور تمام قانونی پہلوسامنے لائے جائیں گے۔