Thursday, March 28, 2024

سعودی عرب میں آج صرف حرمین شریفین میں نماز جمعہ ادا کی گئی

سعودی عرب میں آج صرف حرمین شریفین میں نماز جمعہ ادا کی گئی
March 20, 2020
ریاض (92 نیوز) آج سعودی عرب میں صرف حرمین شریفین میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔دیگر تمام مقامات پر لوگوں نے گھروں میں ہی نماز ظہر ادا کی۔کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اندرونِ ملک پروازیں، ٹرینیں، بسیں اور ٹیکسیاں چودہ روز کیلئے بند کردی گئیں۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کے تحت سعودی عرب کی مساجد میں آج نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی اور شہریوں نے گھروں میں ہی نماز ظہر ادا کی۔ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مسجد الحرام کے اندرونی حصوں میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔ دونوں مساجد کے بیرونی حصوں کو رات گئے ہی بند کردیا گیا تھا۔سعودی عرب کے علماء بورڈ نے موذی وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے نماز جمعہ اور باجماعت نماز معطل کرنے کا فتوی دیا تھا۔ دوسری جانب مملکت نے کورونا وائرس کے تدارک کیلئے اندرونِ ملک پروازیں، ٹرینیں، بسیں اور ٹیکسیاں چودہ روز کیلئے بند کر دی ہیں، حکم کا اطلاق کل سے ہوگا۔ بین الاقوامی پروازوں پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے  قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سمیت پوری دنیا عالمی وباء کے باعث مشکل حالات سے دوچار ہے۔ آنے والے ہفتے اس حوالے سے زیادہ مشکل ثابت ہو نگے۔ تاہم یہ مرحلہ جلد گزر جائے گا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور حکام سے تعاون کریں۔