Friday, April 19, 2024

سعودی عرب میں آج سے محدود عمرے کے دوسرے مرحلے کا آغاز

سعودی عرب میں آج سے محدود عمرے کے دوسرے مرحلے کا آغاز
October 18, 2020
ریاض (92 نیوز) سعودی عرب میں آج 18 اکتوبر سے محدود عمرے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔ خواتین زائرین اورنمازیوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ دوسرے مرحلے میں 2 لاکھ 20 ہزار عمرہ زائرین مسجد الحرام پہنچیں گے۔ سعودی عرب میں عمرہ کیلئے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا، عمرے کی ادائیگی کے ساتھ مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کے اجازت ناموں میں 75 فیصد خواتین کو اجازت دی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق 14 روزہ مرحلے میں روزانہ 15 ہزار جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار افراد عمرہ کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ روزانہ 40 ہزار جبکہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 60 ہزار نمازی مسجد الحرام پہنچیں گے اور یہ حرم مکی کی کل گنجائش کا 75 فیصد ہوں گے۔ انتظامیہ کے مطابق مسجد نبوی میں بھی روضہ رسولﷺ اور ریاض الجنتہ کو بھی محدود افراد کے لئے کھولا گیا ہے۔ حرمین شریفین کے امور کے سربراہ امام کعبہ عبدالرحمن السدیس نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقدس مقامات پر آنے والے افراد کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ عبادات کا سلسلہ آسانی کے ساتھ چلتا رہے۔