Monday, May 20, 2024

سعودی عرب میں آج 90واں قومی دن بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

سعودی عرب میں آج 90واں قومی دن بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
September 23, 2020

ریاض ( 92 نیوز) سعودی عرب میں آج 90 واں قومی دن بھرپور جوش و جذبے کےساتھ منایا جا رہا ہے ، یوم الوطنی کے حوالے سے ملک بھر میں سبز پرچموں اور روشنیوں کی بہار ہے ۔ مملکت میں آج سب سے بڑا ایئر شوبھی منعقد کیاجائےگا ،  پاکستان بھی سعودی بھائیوں کی اس خوشی میں شریک ہے۔

سعودی عرب کا 90واں قومی دن آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہاہے، مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ،شہر کے شہر سبز قومی پرچموں سے سج گئے

سعودی عرب کے مرحوم فرمانروا شاہ عبدالعزیز آل سعود نے 23 ستمبر 1932 کو مملکت سعودی عرب کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کےبعد سے سعودی شہری ہرسال اس دن کو یوم الوطنی کے طور پر مناتے ہیں۔

دیگر شہروں کی طرح مدینہ منورہ میں بھی شاہراہوں کو خوبصورتی سے سجا دیاگیا ،سرکاری اداروں کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا ہے۔ محکمہ تفریحات کا کہنا ہے کہ اس سال یوم الوطنی کا جشن مختلف انداز میں منایا جائے گا، سعودی عرب کی تاریخ میں سب سے بڑا ایئر شو ہوگا، اس حوالے سے طیاروں کی ریہرسل کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔

سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا فعال اور موثر کردار اداکررہاہے ۔ مملکت عالمی امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کام کرنے پر کاربند ہے اور تمام انسانیت کی بھلائی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کےساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل ہوچکےہیں۔اس پر مسرت موقع پر پاکستان اپنے برادر ملک کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔