Tuesday, April 23, 2024

سعودی عرب سے مذاکرات ناکام‘ ایرانی شہری رواں برس حج نہیں کر سکیں گے

سعودی عرب سے مذاکرات ناکام‘ ایرانی شہری رواں برس حج نہیں کر سکیں گے
May 29, 2016
ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب اورایران کے درمیان عازمین حج کے معاملے پرمذاکرات ایک بار پھر ناکام ہو گئے ہیں۔ ایرانی شہری رواں برس حج نہیں کر سکیں گے۔ گزشتہ برس سانحہ منیٰ کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی شہریوں کو حج پر بھیجنے کے معاملے پر سعودی عرب اور ایران کے درمیان دوسری بار بھی مذاکرات ناکام ہو گئے۔ ایران نے سعودی عرب سے دوسری بار بھی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کہا ہے کہ وہ رواں برس حج کے لیے اپنے شہریوں کو سعودی عرب نہیں بھیجے گا۔ ایران کی جانب سے سعودی عرب پر صورتحال کوسبوتاژ کرنے اور حاجیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضمانت نہ دینے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ ایران کے ادارہ برائے حج اور زیارات نے کہاہے کہ سعودی رویے کے باعث ایرانی زائرین رواں برس فریضہ حج ادا نہیں کر سکیں گے اور اس کاذمہ دار سعودی عرب ہے۔ اس سے قبل سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ ایرانی وفد حج کے حوالے سے کسی معاہدے پر پہنچے بغیر ملک سے چلا گیا ہے جبکہ ایسا دوسری بار ہوا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین حاجیوں کے حوالے سے کوئی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔