Friday, April 19, 2024

سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول، شوکت ترین نے تصدیق کردی

سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول، شوکت ترین نے تصدیق کردی
December 4, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا، پاکستان کو سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول ہو گئے۔ ملکی معیشت پر مثبت اثرات ہونگے۔ مشیر خزانہ شوکت ترین نے رقم موصول ہونے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اورسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے ٹوئٹ میں سعودی عرب سے ڈپازٹ کے طور پر 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کو موصول ہونے کی تصدیق کی۔ رقم سے کورونا وباء کے اس پر پڑنے والے منفی اثرات کو زائل کرنے میں مدد ملے گی، تاہم معاہدے کی شق کے تحت یہ رقم پاکستان استعمال نہیں کر پائے گا، اس کی حیثیت صرف علامتی ہے اور تنازع کی صورت میں سعودی قوانین کے تحت ہی فیصلہ ہو گا۔

دونوں ممالک کے درمیان 4.2 ارب ڈالرز پر مشتمل معاہدے کے تحت سعودی عرب 4 فیصد سالانہ منافع کے عوض ایک سال کیلئے 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں ہی رکھے گا جبکہ 3 اعشاریہ 8 فیصد مارجن پر 1.2 ارب ڈالرز کا تیل بھی مؤخر ادائیگیوں پر پاکستان کو ملے گا۔ سعودی عرب ماہانہ 10 کروڑ ڈالر کا ادھار فیول دے گا۔