Friday, April 26, 2024

سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے

سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے
June 4, 2019
ریاض ( 92 نیوز) سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید کے روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے ، لاکھوں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی، متحدہ عرب امارات میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ابوظہبی میں ہوا۔ سعودی عرب بھر میں نماز عید ادا کر دی گئی، بڑے اجتماع مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ہوئے جن میں لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور لبنانی وزیراعظم سعد حریری نے مسجد الحرام میں نماز عید ادا کی۔ نماز عید کے خطبات میں عید کو رمضان المبارک کے بدلے میں اللہ کی جانب سے مسلمانوں کیلئے خوشی کا دن قرار دیا گیا جبکہ مسلمانوں کو آپس میں اخوت اور باہمی بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کی ہدایت کی گئی۔ متحدہ عرب امارات میں عید کا سب سے بڑا اجتماع ابوظہبی کی شیخ زید مسجد میں ہوا، اماراتی وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے نمازعید زعبیل مسجد میں ادا کی۔ عراق، کویت، بحرین سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج عید منائی جارہی ہے۔