Tuesday, April 23, 2024

سعودی عرب جمال خشوگی کے قتل میں ملوث ہے ، اقوام متحدہ

سعودی عرب جمال خشوگی کے قتل میں ملوث ہے ، اقوام متحدہ
June 20, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز) سعودی عرب جمال خشوگی کے قتل میں ملوث ہے ، اقوام متحدہ کی سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی، ترک صدر طیب اردوان کہتے ہیں قاتلوں کو اس کی قیمت چکانا ہوگی۔ سعودی صحافی جمال خشوگی  کے قتل سے متعلق اقوام متحدہ کی ایک سو ایک صفحات پر مبنی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی گئی ۔ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان قتل میں ملوث ہوسکتے ہیں، سعودی حکام کے خلاف قابل قدر ثبوت ہیں، انہیں تحقیقات کیلئے کٹہرے میں لانا ہوگا۔ اقوام متحدہ کی خاص تفتیشی ایگنِس کیلا مارڈ کا کہنا ہے کہ صحافی کا قتل ایک بین الاقوامی جرم ہے ، جو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا، سعودی ریاست بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے تحت اس غیر آئینی قتل کی ذمہ دار ہے۔ ترکی نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کو مستند قرار دیا ہے، صدر طیب اردوان کہتے ہیں ترکی کے حوالے سے سعودی مؤقف غلط ثابت ہوا، قاتلوں کو اس اقدام کی قیمت چکانا ہوگی۔ ادھر سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے ، وزیر خارجہ عادل الجبیر کہتے ہیں اس سے خود عالمی ادارے کی اپنی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ جمال خشوگی مشرق وسطیٰ کے مشہور صحافی تھے وہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ تھے، انھیں گذشتہ سال دو اکتوبر کو ترکی میں سعودی قونصل خانے میں تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا۔