Wednesday, April 24, 2024

سعودی عرب اور یو اے ای کی مسئلہ کشمیر پر مکمل حمایت کی یقین دہانی

سعودی عرب اور یو اے ای کی مسئلہ کشمیر پر مکمل حمایت کی یقین دہانی
September 4, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) سعودی عرب اور یو اے ای نے مسئلہ کشمیر پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔

پاکستان عالمی منظر نامے میں اہم امور کا مرکز بن گیا۔ برادر ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا۔ پُرجوش معانقے اور مصافحے  نے تعلقات کو مزید گہرا کر دیا۔

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجیبر اور یو اے ای کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید ایک ہی طیارے سے اسلام آباد پہنچے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےمعزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

سعودی عرب اور یو اے ای کے وزرائے خارجہ  نے دفترخارجہ کا دورہ بھی کیا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی کی جس میں مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہی دی گئی۔

شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کو مقبوضہ وادی میں بھارت کے یک طرفہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مسئلہ کشمیر پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سعودی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ پاکستان کے دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔