Wednesday, May 8, 2024

سعودی عرب اور چین کی پاکستان کو قرض ادائیگیاں موخر کرنے کی یقین دہانی

سعودی عرب اور چین کی پاکستان کو قرض ادائیگیاں موخر کرنے کی یقین دہانی
June 11, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پیرس کلب کے بعد پاکستان کو ایک اور ریلیف، سعودی عرب اور چین نے بھی پاکستان کو قرض ادائیگیاں مؤخرکرنے کی یقین دہانی کروادی، ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کا ریلیف ملے گا۔

پیرس کلب کے بعد سعودی عرب اور چین نے بھی یکم مئی سے 31 دسمبر تک پاکستان کے قرضوں کی ادائیگیاں مؤخرکرنے کی یقین دہانی کروادی۔وزارت خزانہ حکام نے تصدیق کر دی ۔

وزارت خارجہ حکام کی جانب سے بتایا کہ قرض کی ادائیگیاں مؤخر ہونے سے پاکستان کو مجموعی طور پر ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کا ریلیف ملے گا ، جبکہ ادائیگیاں موخر کرنے کا باقاعدہ اعلان آئندہ ہفتے ہوگا۔

وزارت خزانہ حکام نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات سے بھی قرض کی ادائیگیاں مؤخر کرنے کے لئے بات چیت جاری ہے اور آئندہ مالی سال کا بجٹ یہ ادائیگیاں مؤخر سمجھ کر بنایا گیا ہے۔

گزشتہ روز ترقی پذیر ممالک کو قرض فراہم کرنے والے ممالک پر مشتمل گروپ پیرس کلب نے پاکستان کا قرضہ مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا ، اس سے قبل آئی ایم ایف پاکستان کو شرائط پر عملدرامد میں ایک سال کا ریلیف دے چکا ہے۔

جی 20 ممالک کی طرف سے بھی قرض منجمد کرنے پر رضا مندی ظاہر کی جا چکی ہے۔