Saturday, April 20, 2024

سعودی عرب اور پاکستان اسلامی بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہیں ، چودھری برادران

سعودی عرب اور پاکستان اسلامی بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہیں ، چودھری برادران
August 14, 2020
لاہور (92 نیوز) چودھری برادران کا کہنا ہے پاکستان اور سعودی عرب دونوں بھائی ہیں، کوئی طاقت اس بھائی چارے کو کم نہیں کر سکتی۔ ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل مکہ مدینہ میں دھڑکتے ہیں۔ شاہ سلمان اور  ولی عہد محمد بن سلمان کے دنیا میں پاکستان کے سفیر ہونے پر مشکور ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان اسلامی بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت اس بھائی چارے کو کم نہیں کر سکتی ۔ سعودی سفیر نے چودھری صاحبان کو پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ نواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ق لیگ کی قیادت کے سعودی عرب کے بارے میں نیک اور اچھے خیالات جان کر خوشی ہوئی۔ سعودی سفیر نے کہا کہ کورونا کے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین کو سعودی عرب آنے کی اجازت مل جائے گی۔