Friday, April 26, 2024

سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے
May 24, 2020

ریاض ( 92 نیوز) سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھرمیں بھی عید الفطر مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے ، مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نماز عید کی ادائیگی کی گئی ۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر حرمین الشریفین میں نماز عید کی ادائیگی ہوئی تاہم اس میں عام عوام کی شرکت پر پابندی برقرار رہی ، دونوں مقدس مساجد میں صرف انتظامیہ اور خادمین نماز عید میں شریک ہوئے۔

مسجد الحرام میں شیخ صالح بن حمید نے نماز عید کی امامت کرائی ، اس موقع پر حرمین الشریفین کے اموری انتظام کے سربراہ شیخ السدیس بھی موجود تھے ، نماز عید کے خطبہ میں انتہائی رقت آمیز انداز میں مسلم  امّہ کیلئے دعا کرائی گئی۔

مسجد النبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نماز عید شیخ عبداللہ بن عبدالرحمان البعیجان کی امامت میں ادا کی گئی ، یہاں بھی تمام مسلمانوں کی فلاح اور دنیا بھر میں  کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔

اس سے قبل گذشتہ رات رمضان المبارک کے اختتام پر بیت اللہ شریف کو خوشبو سے معطر کیا گیا تھا جبکہ حجرہ اسود کی بھی صفائی کرکے اسے خالص عود کی خوشبو سے معطر کیا گیا۔

افغانستان، ایران، ترکی، ملائیشیا، تھائی لینڈ، جرمنی ، روس میں بھی مسلمان آج عید منا رہے ہیں۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں عید پیر پچیس مئی کو منائی جائے گی۔