Thursday, May 9, 2024

سعودی شہری، مقیم غیرملکی حج ادا کر سکیں گے، سعودیہ نے حج پالیسی کا اعلان کردیا

سعودی شہری، مقیم غیرملکی حج ادا کر سکیں گے، سعودیہ نے حج پالیسی کا اعلان کردیا
June 12, 2021

ریاض (92 نیوز) سعودی حکومت نے اس سال فریضہ حج کی ادائیگی اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا اعلان کردیا۔ سعودی وزارت حج کے مطابق حج میں صرف 60 ہزار شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو فریضے کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ 

اللہ کے گھر کی حاضری،،، لبیک لبیک کی صدائیں،،،، اور یہ روح پرور مناظر،،، سبحان اللہ،،، سبحان اللہ۔۔۔
سعودی عرب کی وزارت حج نے رواں سال کیلئے حج پالیسی کا اعلان کردیا، پالیسی کے مطابق رواں برس بھی محدود عازمین ہی حج کرسکیں گے جن کی تعداد صرف 60 ہزار بتائی گئی ہے۔

وزارت حج کے مطابق رواں سال بھی صرف سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج ادا کر سکیں گے۔ وزارت کے مطابق عازمین حج کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔ حج ادائیگی کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی شرط ہوگی۔ 18 سے 65 سال کی عمر کے افراد فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ صحت و سلامتی کی خاطر حالات کو مد نظر رکھ کرکیا گیا ہے۔۔وزارت حج و عمرہ نے تاکید کی کہ سعودی حکومت کے نزدیک انسانی جانوں کی سلامتی کا تحفظ اسلامی شریعت کا بھی اولین اصول ہے۔ حج درخواستیں جمع کرانے کیلئے الیکٹرانک طریقہ چند روز میں جاری ہوگا۔

92 نیوز نے 23 مئی کو ہی اپنے ناظرین کے لئے حج کی نئی پالیسی کے حوالے سے خبر بریک کردی تھی۔ گزشتہ برس بھی کورونا وبا کے باعث سعودی حکومت کی جانب سے محدود حج کا اعلان کرتے ہوئے صرف سعودی عرب میں موجود ملکی اور غیر ملکی افراد کو حج کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔