Tuesday, April 23, 2024

سعودی سپریم کورٹ کی شہریوں سے 29 شعبان کو چاند دیکھنے کی اپیل

سعودی سپریم کورٹ کی شہریوں سے 29 شعبان کو چاند دیکھنے کی اپیل
April 9, 2021

ریاض (92 نیوز) سعودی عرب میں استقبال رمضان کی تیاریاں جاری ہیں، سپریم کورٹ نے شہریوں سے 29 شعبان کو رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کردی۔ ماہ مقدس کے دوران مسجد نبوی میں داخلے کیلئے کورونا ویکسین کو لازمی قرار دے دیا گیا۔

رحمتیں، برکتیں، فضیلتیں لیے ماہ صیام آرہا ہے، سعودی عرب میں بھی رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے تیاریاں شروع ہوگئیں۔

سعودی سپریم کورٹ نے ملکی و غیر ملکی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتوار 29 شعبان کو رمضان المبارک کا چاند دیکھ دیکھنے کی کوشش کریں۔

ماہرین فلکیات کہتے ہیں 29 شعبان کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے اثرات کم ہیں، رمضان کا چاند سوموار 30 شعبان کو نظر آئے گا اور پہلا روزہ منگل کو ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب رمضان المبارک میں مسجد نبویؐ میں داخلے کے لئے کورونا ویکسین لازمی قرار دے دی گئی ہے مسجد نبویؐ کی انتظامیہ کے مطابق تمام افراد جو کورونا وائرس کی دونوں یا ایک ڈوز لے چکے ہیں انہیں مسجد نبوی میں اجازت ملے گی۔

مسجد نبویؐ میں داخلے کے پرمٹ خصوصی موبائل ایپ توکلنا سے حاصل کیے جاسکیں گے، فیصلے پر عمل درآمد یکم رمضان المبارک سے ہوگا۔