Wednesday, April 24, 2024

سعودی سفیر کی شاہ محمود قریشی سے وزارت خارجہ میں ملاقات

سعودی سفیر کی شاہ محمود قریشی سے وزارت خارجہ میں  ملاقات
December 9, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) سعودی سفیر نواف بن سعد المالکی نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا نائجر اجلاس کے موقع پر سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملا۔

ملاقات میں  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں کشمیر کے حوالے سے پیش کردہ قرارداد کی حمایت پر سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستانیوں کی کثیر تعداد گذشتہ کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں مقیم ہے اور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پاکستان اور سعودی عرب کے مابین کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے بہت سے مواقع موجود ہیں، اسلاموفوبیا کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد پر سعودی عرب کی حمایت کے شکرگزار ہیں۔