Sunday, May 19, 2024

سعودی سفیر کا 92 نیوز اسلام آباد آفس کا خیرسگالی دورہ ، پر تپاک استقبال پر اظہار تشکر

سعودی سفیر کا 92 نیوز اسلام آباد آفس کا خیرسگالی دورہ ، پر تپاک استقبال پر اظہار تشکر
November 11, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے 92 نیوز اسلام آباد آفس کا خیرسگالی دورہ کیا اور پر تپاک استقبال کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے خصوصی طور پر چیئرمین 92 نیوز گروپ میاں حنیف سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے پاک، سعودیہ تعلقات، عوام کی سعودی عرب سے والہانہ محبت کا کھل کر ذکر کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ کے انتہائی مضبوط اور گہرے تعلقات ہیں، یہ صرف حکومتوں کے مابین نہیں، عوامی تعلقات ہیں جو بہت یکتا ہیں۔

نواف سعید المالکی نے کہا کہ عمران خان کا 3 سال میں 5 بار سعودیہ کا دورہ کرنا، تعلقات کی اہمیت کا عکاس ہے۔ پاکستانی عوام دل کی اتھاہ گہرائیوں سے حرمین الشریفین سے بہت محبت کرتے ہیں، پاکستان کے عوام شاہ سلمان کو مسلم امہ کا رہنما سمجھتے ہیں۔

سعودی سفیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم کا وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، انشااللہ آئندہ سال حج مکمل گنجائش کے مطابق ادا ہو گا، مکہ اور مدینہ میں پوری گنجائش اور تعداد میں لوگ آنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں کہا کہ عمرہ کا آغاز بالخصوص میرے پاکستانی بھائیوں کیلئے انشااللہ جلد ہو گا، سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہے، گوادر میں آئل ریفائنری بارے سرمایہ کاری زیر غور ہے۔