Saturday, May 4, 2024

سعودی خواتین پہلی بار فٹبال میچ دیکھنے اسٹیڈیم جائینگی

سعودی خواتین پہلی بار فٹبال میچ دیکھنے اسٹیڈیم جائینگی
January 8, 2018

ریاض (92 نیوز) ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد سعودی خواتین کیلئے ایک اور تاریخی لمحے کا وقت قریب آن پہنچا۔ رواں ہفتے سے سعودی خواتین کو اسٹیڈیم میں فٹ بال میچ دیکھنے کی اجازت بھی مل گئی۔
سعودی خواتین کو اسٹیڈیم میں جا کر فٹبال میچ دیکھنے کی اجازت کا اعلان گزشتہ سال اکتوبر میں کیا گیا تھا۔
اس اعلان کے 11 ہفتے بعد وہ تاریخی لمحہ آن پہنچا ہے جب سعودی خواتین اسٹیڈیمز میں میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں گی اور اپنے کھلاڑیوں کا بھر پور حوصلہ بڑھا سکیں گی۔
سعودی عرب میں رواں ماہ پروفیشنل لیگ کے میچوں کا آغاز ہو رہا ہے۔
اس موقع پر ملک کے 3 بڑے اسٹیڈیمز میں خواتین کو بھی یہ میچ دکھانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سعودی سپورٹس اتھارٹی نے کہا کہ خواتین کی ضروریات اور سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسٹیڈیمز میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری طرف خواتین بھی ان میچوں سے پہلے خوب پر جوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت شدت سے ان لمحات کا انتظار کر رہی ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ایک طرٖف کرپشن کیخلاف قومی مہم میں شہزادوں اور اعلیٰ عہدیداروں کیخلاف کارروائیاں کر رہے ہیں تو دوسری طرف خواتین کو شہری آزادیاں دینے کے حوالے سے ایسے اقدامات کر رہے ہیں جن کی سعودی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔