Friday, April 19, 2024

سعودی حکومت کا کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پاکستان کو طبی سامان کا تحفہ

سعودی حکومت کا کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پاکستان کو طبی سامان کا تحفہ
April 2, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)  سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پاکستان کو  طبی سامان کا تحفہ  دیا گیا ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے سعودی حکومت کے  تحفے پر اظہار تشکر کیا۔

 سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے طبی سامان حکومت پاکستان کے حوالے کیا، گیا  جسے وفاقی وزیر نور الحق قادری نے وصول کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ بہت ہی مشکل وقت میں مدد دیرینہ دوستی کا ثبوت ہے، سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں پاکستان کی عوام کیلئے سامان بھیجا، ہم اس وائرس سے جلد آزاد ہوجائیں گے۔

سعودی حکومت کی جانب سے سینٹائزر، ماسک اور حفاظتی کٹس کے علاوہ 70 تھرمل سکینر 550 باکس سرجیکل ماسک ، 550 سینٹائزر باکس ،  350 سیفٹی کٹس باکس ،  550 سرجیکل گلوز کے باکس حکومت پاکستان کے حوالے کیے گئے۔

ادھر کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے کےلئے ورلڈ بینک کی مدد  بھی پہنچ گئی،  44 وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ محکمہ صحت خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کردی گئی۔ این 95 ماسک اور  سینٹی ٹائزر بھی فراہم کردیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی تو عالمی بینک بھی مدد کو پہنچ گیا۔ کورونا مریضوں کے علاج کی سب سے بڑی ضرورت 44 وینٹی لیٹرز محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے حوالے کردیئے گئے۔

ورلڈ بینک کے ذیلی ادارے ای آر کے ایف نے ایک لاکھ این 95 ماسک اور چارہزار پانچ سو لیٹر سینٹی ٹائزر بھی حوالے کیا ، خیبرپختونخوا کو ملنے والے وینٹی لیٹرز کو ایمبولنسز اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔