Thursday, March 28, 2024

سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدے سے روک دیا

سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدے  سے روک دیا
March 26, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدے کرنے سے روک دیا ،سعودی وزیر حج کا مراسلہ وزارت مذہبی امور کو موصول ہوگیا۔


کورونا  وائرس  کے حملے جاری ہیں،رواں سال حج متاثر ہونے کاخدشہ  پیدا ہوگیا،سعودی عرب نے پاکستان  سمیت تمام  ممالک کو حج معاہدے کرنے  سے  روک دیا،سعودی  وزیر حج کا مراسلہ  ملنے پر  وزارت   مذہبی امور نے حج  تیاریاں روک دیں۔

کورونا  وائرس   کی وباء نے پوری  دنیا کو  اپنی  لپیٹ   میں لے لیا۔ وباء کی وجہ سے جہاں تمام  شعبہ  ہائے  زندگی  کے امور  رکے ہیں وہیں پر  مذہبی عبادات  بھی بری  طرح  سے متاثر  ہوئی ہیں ۔ اسلا م  میں حج فرض عبادت ہے۔ ہر سال   لاکھوں   فرزندان اسلام  رکن حج   کی  ادائیگی کرتے ہیں  لیکن  کورونا وائرس  کی وجہ سے  رواں سال  حج    نہ ہونے کا خدشہ  پیدا  ہو گیا ہے ۔

سعودی وزیر   حج  ڈاکٹر محمد صالح بن  طاہر   کی جانب سے   پاکستان  سمیت  دیگر ممالک    کو ہنگامی مراسلے ارسال کیے  گئےہیں ۔ سعودی  وزیرحج کا مراسلہ  وزارت  مذہبی امور کو بھی موصول ہو گیا جس میں سعودی عرب نے  کورونا وائرس  کے باعث  حج معاہدے نہ کرنے کی ہدایت کی ۔

مراسلے میں  کہا گیا ہے کہ سعودی عرب  اس  وائرس  کے پھیلاو ، نتائج  اور نئی  پیش  رفت  اور احتیاطی  تدابیر پر بھی نظر  رکھے ہوئے  ہے۔ اس لیے جب تک  کوئی  مثبت  پیش  رفت نہیں ہوتی نئے  حج معاہدے  نہ کیے جائیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  پاکستان کو عازمین  حج  کی خدمات  رہائش ،ٹرانسپورٹ اور خوراک کے بندوبست   سمیت   مختلف معاہدے کرنے تھے جنھیں  سعودی  مراسلہ موصول  ہونے پر روک دیا گیا ۔ وزارت   مذہبی امور پہلے ہی احتیاطا  عازمین حج کا  تربیتی پروگرام روک  چکی ہے ۔ اس سال پاکستان سے ا یک لاکھ 79  ہزار 210 عازمین حج نے حجاز  مقدس جانا ہے۔

یاد رہے کہ  کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے معاملے پر سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض میں مکمل لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے ۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے ایک ریجن سے دوسرے ریجن آنے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

شاہی فرمان کے مطابق الریاض، مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخلے اور باہر نکلنے پر مکمل پابندی ہو گی۔ شہروں میں کرفیو کا وقت دوپہر 3 بجے سے شروع ہو گا۔

ادھر مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے تیسرے توسیعی منصوبے پر کام بھی روک دیا گیا۔