Thursday, April 25, 2024

سعودی حکومت نے مکہ میں حاجیوں کو ٹھہرانے کے انتظامات مکمل کر لیے

سعودی حکومت نے مکہ میں حاجیوں کو ٹھہرانے کے انتظامات مکمل کر لیے
June 19, 2021

ریاض (92 نیوز) سعودی حکومت نے مکہ میں حاجیوں کو خوش آمدید کہنے اور ٹھہرانے کے انتظامات مکمل کر لیے۔

اس سال بھی محدود تعداد میں مسلمان حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ ساٹھ ہزار سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیر ملکی بیت اللہ شریف کے طواف کی سعادت حاصل کریں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے مکہ میں ان حاجیوں کو خوش آمدید کہنے اور ٹھہرانے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں ۔ چار ذی الحجہ سے منی جانے تک عازمین کو ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا۔ ہر عازم حج کے لیے ایک کمرہ مخصوص کیا گیا ہے جہاں تمام سہولتوں کے ساتھ ساتھ آب زمزم کی سینیٹائزڈ بوتلیں ہر کمرے میں مہیا کی گئی ہیں۔

تمام بیڈ رومز ضرورت کی تمام اشیا سے آراستہ ہیں ۔ ہر حاجی کے لیے سینیٹائزڈ احرام ہیں جو انہیں کورونا اور دیگرجراثیم سے محفوظ رکھیں گے۔ زائرین کو حفاظتی ماسک، سینیٹائزر، آرام و راحت کی اشیا، حج گائیڈ، جمرات کی رمی کے لیے کنکریوں کی سینیٹائزڈ تھیلیاں، چھتری، آمد ورفت کے لیے سفری بیگ بھی مہیا کئے جائیں گے۔

 وزارت حج و عمرہ نے ہر حاجی کے لیے تمام بنیادی اشیا سے آراستہ سفری بیگ بھی تیار کئے ہیں جنہیں حاجی حضرات مکہ پہنچنے اور وہاں سے حج مقامات پر آنے جانے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔