Friday, April 19, 2024

سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں حرم پاک کھولنے کی تیاریاں شروع کر دیں

سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں حرم پاک کھولنے کی تیاریاں شروع کر دیں
June 18, 2020
ریاض (92 نیوز) سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں حرم پاک کھولنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ حفاظتی تدابیر جاری کر دی گئیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے کورونا کی وجہ سے بند حرمین شریفین کو کھولے جانے کی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا تاہم انتظامیہ  نے حرم پاک میں کورونا سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق طواف شروع ہونے کی صورت میں مخصوص دروازے کھولے جائیں گے اور لوگوں میں فاصلہ رکھنے کے لیے پلاسٹک کے بیرئیرز لگائے جائیں گے۔ تمام داخلی راستے صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک بند رہیں گے۔ قریبی ہوٹلوں میں موجود لوگوں کو نماز حرم میں ادا کرنے کی اجازت ہو گی تاہم ماسک پہننا، داخل ہوتے وقت اپنی معلومات کا اندراج کرانا لازمی ہو گا۔ حرم میں صرف 40 فیصد افراد کو اندر جانے کی اجازت ہو گی اورعبادات فرش پر ادا کرنا ہوں گی۔ زم زم کے کولرز ہٹا دیئے جائیں گے۔ دوسری جانب سعودی عرب نے 21 جون سے ملک کا سیاحتی شعبہ مکمل طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مکہ مکرمہ اس فیصلے سے مستثنیٰ ہو گا۔ عرب وزرائے سیاحت کے ہنگامی ویڈیو اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کا کہنا تھا عرب ممالک کی 13 فیصد قومی مجموعی پیداوار سیاحت سے حاصل ہوتی ہے۔ سیاحت کے شعبے میں 80 ملین سے زیادہ افراد وابستہ ہیں جن کا روزگار کورونا کی وجہ سے متاثر ہو چکا ہے۔ سعودی وزارت انصاف کی جانب سے 21 جون سے تمام سرکاری و نجی دفاتر کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سزائیں بھی مقرر کی گئی ہیں۔