Tuesday, April 23, 2024

سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی

سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی
February 27, 2020
ریاض  ( 92 نیوز) سعودی حکومتنے کروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات کرتے ہوئے  بیرون ملک  سے آنے والے عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی لگا دی۔ کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر سعودی عرب نے کرونا سے متاثرہ ممالک کیلئے عمرہ زائرین کی آمد عارضی طور پرمعطل کر دی، متاثرہ ممالک کے باشندے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ نہیں جا سکیں گے ، خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت پرپابندی لگا دی گئی ہے۔ سعودی حکومت نے کرونا سے متاثرہ ملکوں سے سیاحتی ویزوں پر آنے والے شہریوں کو بھی داخلے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مزید ویزے جاری کرنے کا عمل بھی روک دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی اور خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک کے شہریوں پر اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے سعودی عرب سے آنے اور جانے پر پابندی ہو گی ، تاہم بیرون ملک سعودی شہری واپس آ سکتے ہیں جبکہ خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک کے باشندے بھی اپنےممالک کا سفر کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب سعودی حکام نے شہریوں سے مطالبہ کیا  ہے کہ وہ کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کا سفرکرنے سے گریز کریں۔ حکومت کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ عمرہ اورمسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت پرپابندی عارضی اقدامات ہیں جن کا مقصدکرونا وائرس کے خطرات کی روک تھام اورسعودی عرب سمیت دنیا بھرکووائرس سے بچانا ہے۔