Monday, May 6, 2024

سعودی حکومت نے خشوگی کے قتل کی تصدیق کر دی

سعودی حکومت نے خشوگی کے قتل کی تصدیق کر دی
October 20, 2018
ریاض (92 نیوز) ترکی میں دو ہفتے قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی جمال خشوگی کو قتل کر دیا گیا۔ سعودی حکومت نے سرکاری طور پر انکی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی سفارتخانے میں شروع ہونیوالی صحافی  جمال خشوگی کی کہانی کا 20 اکتوبر کو ڈراپ سین ہو گیا۔ سعودی سرکاری خبر ایجنسی نے جمال خشوگی کی موت کی تصدیق کر دی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جمال خشوگی دو اکتوبر کو سفارتخانے پہنچے جہاں انکی سعودی حکام سے ہونیوالی بحث جھگڑے میں تبدیل ہوئی اور انہیں تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ بڑھتے ہوئے عالمی دبائو پر بیس اکتوبر کو سعودی سرکاری ٹی وی نے واقعے کی تصدیق کر دی۔ سعودی حکام کے مطابق ترک اور سعودی حکام نے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں سعودی انٹیلی جنس کے ڈپٹی چیف احمد العسیری کو برطرف کر دیا گیا۔ شاہی ایوان اور سعودی عدالتوں کے مشیر احمد القحطانی کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ دیگر اٹھارہ سعودی شہریوں کو گرفتار کرکے انکے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی ولی عہد محمد بن سلمان خود کریں گے جو اپنی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کریں گے جبکہ انٹیلی جنس کو ری اسٹرکچر کرنے کیلئے ولی عہد کی  سربراہی میں وزارتی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ جمال خشوگی کی موت پر امریکی صدر ٹرمپ ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ٹرمپ سمیت مختلف سربراہان نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ جمال خشوگی کی موت کی خبر سے کچھ دیر قبل ٹرمپ کی جانب سے جاری بیان میں اس معاملے پر سعودی عرب پر پابندیاں لگانے کا عندیہ دیا گیا تھا۔ دوسری جانب سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا جس میں دونوں رہنمائوں نے واقعے کی مشترکہ تحقیقات میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔