Friday, March 29, 2024

سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے اعلان سے غمزدہ خاندانوں میں خوشی کی لہر

سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے اعلان سے غمزدہ خاندانوں میں خوشی کی لہر
February 18, 2019
 ملتان (92 نیوز) شہزادہ محمد بن سلمان کے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے اعلان سے غمزدہ خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اپنوں سے ملنے کی آس پھر جاگ اٹھی۔ سعودی ولی عہد کے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے جیتے جی مر جانے والے خاندانوں میں زندگی کی لہر دوڑا دی۔ اپنے پیاروں سے ملنے کی امید سے ہر ایک جی اٹھا۔ غمزدہ خاندانوں کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کو ڈھیرؤں دعائیں۔ ملتان کے علاقے بستی کھوکھراں کا مرید عباس سہانے سپنے لیے محنت مزدوری کے لیے سعودی عرب گیا لیکن قسمت نے یاوری نہ کی۔ گاڑی کو حادثہ ہوا اور جرمانہ ادا نہ کر سکنے کے باعث ڈیڑھ سال سے سعودی عرب میں قید ہے۔ سعودی ولی عہد کے اعلان سے اہل خانہ میں مرید سے ملنے کی آس پھر جاگ اٹھی ہے۔ ایسی ہی خوشی فورٹ عباس کے محمد فاروق کے خاندان کو بھی ملی ہے جن کا پیارا 28 ماہ سے سعودی عرب کی جیل میں سزا کاٹ رہا ہے لیکن اب سعودی شہزادے کے اعلان نے ان کو خوشی سے نہال کر دیا ہے۔ اوچ شریف کا دلاور حسین بھی ایک سال سے سعودی عرب کی جیل میں قید وبند کی صعوبتیں برداشت کر رہا ہے جن کوسعودی ولی عہد کے اعلان نے خوشی سے سرشار کر دیا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعلان سے ان دکھی خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ سعودی شہزادے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم عمران خان کے بھی شکر گزار ہیں۔